عالمی برادری کشمیر سے بھارتی انخلا کے لئے کردار ادا کرے، پاکستان اپنے موقف پر سمجھوتہ نہیں کرے گا: قومی کشمیر کانفرنس
اسلام آباد (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی قابض افواج کے انخلاء کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اس ضمن میں بھارت پر دبائو بڑھانا وقت کا تقاضا ہے۔ یہ بات اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام قومی کشمیر کانفرنس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا موضوع مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، عالمی ضمیر کی بیداری تھا۔ قومی کانفرنس سے اپری کے صدر سابق سفیر سہیل امین، آزاد کشیمر کی وزیر برائے سماجی بہبودو ترقی نسواں فرزانہ یعقوب، سابق سفیر علی سرور نقوی، ڈاکٹر محمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سہیل امین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، عالمی برادری معصوم کشمیریوں کو ان کا حق دلائے۔ علی سرور نقوی نے کہا کہ عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی، بھارت اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 7ہزار 38زیر حراست شہادتیں ہوئیں۔ ایک لاکھ 7ہزار 545 بچے یتیم ‘22ہزار 806خواتین بیوہ ہوئیں، پاکستان کشمیر کے مسئلہ پر اپنے موقف پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ نے کہاکہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دیکر بھارتی حکومت اپنے دستور کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ کشمیر ی اپنے بنیاد ی حق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔