مذاکرات ناکام: نجی سکول مالکان کی 2 تنظیموں کا آج اور کل ادارے بند رکھنے کا اعلان
لاہور (لیڈی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ ) وزیر تعلیم پنجاب اور نجی سکولز مالکان کی دو تنظیموں کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔ نجی سکولز مالکان کی دو تنظیموں نے آج 8 اور کل 9 مارچ کو فیسوں میں اضافے کیلئے سکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ آل پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی نے سکولز کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر آل پاکستان ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن شفیع اللہ خاں نے کہا اے کیٹگری کے تمام سکولز 8 اور کل 9 مارچ کو ہڑتال کریں گے۔ وعدے کیلئے سفارشات مرتب کی گئیں لیکن عمل نہیں ہوا۔ پنجاب اسمبلی سے نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی بل کی منظوری کے خلاف پاکستان ایجوکیشن کونسل اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے احتجاج کرتے ہوئے آج منگل اور بدھ کے روز سکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی بل کے خلاف ہیں تاہم سکولز کو بند نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے آج پنجاب میں 3 فیصد پرائیویٹ سکول بند رہ سکتے ہیں کل 97 فیصد پرائیویٹ سکول کھلیں گے۔ صدر پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ادیب جاودانی نے کہا ہے رانا مشہود نے مطالبات سنے، 10 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے 97فیصد سے زائد نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے سکول بند رکھنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ آج اور کل نجی تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائیویٹ سکولز کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سکول کے بچوں اور انکے والدین وسیع تر مفاد اور فروغ تعلیم کے کاز کی خاطر وہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کے کسی عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔ رانا مشہود احمد خاںنے نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں ادیب جادوانی ودیگر کے تحفظات غور سے سنے اور اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ وہ 5 ہزار روپے تک فیس لینے والے نجی تعلیمی اداروں کی کیٹگری کو فیسوں کے ترمیمی بل سے مستثنیٰ قرار دینے کیلئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو سفارشات بھیجی جائیں گی۔ پنجاب میں 97 فیصد نجی تعلیمی ادارے 5 ہزار سے کم فیس لینے والی کیٹگری میں آتے ہیں اور ان پر عملاً فیسوں میں 5 فیصد اضافے کے بل کا اطلاق نہیں ہوتا وہ مقرر حد سے زیادہ اضافے کیلئے مقامی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کے ذریعے ایسا کر سکتے ہیں۔ صرف3 فیصد ایلیٹ سکول کے مالکان فیسوں میں 5 فیصد اضافے کے قانون کی مخالفت کر رہے ہیں۔ مذاکرات کے دوران صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ادیب جادوانی کی قیادت میں ایک 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔کمیٹی چند روز میں اپنی سفارشات پنجاب حکومت کو پیش کر دیگی جس کے مطابق حکومت فیسوں میں اضافے کے قانون میں ترمیم کا بل تیار کرے گی۔ علاوہ ازیں پروگریسو پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر مزمل اقبال صدیقی، مرکزی جنرل سیکرٹری شیخ ارشد، وائس چیئرمین صادق صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس اے سے ملحقہ تمام پرائیویٹ سکولز آج 8 مارچ اور 9 مارچ کو حسب معمول کھلے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے پرائیویٹ سکولز کے مسائل کے حل کیلئے 10 رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لاکر احسن فیصلہ کیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چیئرمین گوجرانوالہ چیمبر آف ایجوکیشن سکولز چودھری محمد جمیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پرائیویٹ سکولز اور تعلیمی نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ہم حکومت کے اس روئیے کی پرزور مذمت کرتے ہیں‘ ہم تعلیم دشمن کالے قانون کے خلاف 8اور9مارچ کواحتجاجاً تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹوباڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں جو بڑے پرائیویٹ سکولز 8 اور 9مارچ کو بند رہیں گے ان سکولوں میں بیکن ہائوس‘ لاہور گرائمر سکول‘ لاکاس سکول سسٹم‘ الائیڈ سکولز‘ ایفا سکول سسٹم‘ کیمز سکول‘ ریسورس اکیڈیمیا‘ کڈز کیمپس‘ سلامت سکول‘ لاہور سکول سسٹم‘ سٹی سکول سسٹم‘ لاہور پری سکول‘ لرننگ الائنس‘ دارارقم‘ امریکن لائسٹف‘ بلوم فیلڈ ہال پرائیویٹ سکول فیڈریشن‘ ایجوکیشن کونسل کے زیراہتمام چلنے والے سکول بند رہیں گے۔