• news

”کوہ نور“ ہیرے کی واپسی کیلئے درخواست، وفاقی، پنجاب حکومتوں سے تحریری جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ملکہ برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا۔ جسٹس خالد محمود خان نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ کوہ نور ہیرا ایک ریاست نے دوسری ریاست کو تحفہ میں نہیں دیا تھا اسلئے ملکہ کا کوہ نور ہیرے پر کوئی قانونی حق نہیں۔ حکمران غلامانہ ذہنیت کے مالک ہیں، نوازشریف کے دونوں بیٹوں نے برطانوی شہریت کیلئے اپلائی کر رکھا ہے اسی وجہ سے اس کیس کو لٹکایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب کے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں اسی لئے قابل سماعت نہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست میں برطانوی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ برطانوی حکومت سے متعلقہ معاملات عدالت عالیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ ہیرا پنجاب سے برطانیہ کیسے منتقل ہوا یہ بتانا حکومت پنجاب کی ذمہ داری بنتی ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے برطانوی حکومت کے علاوہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو بھی فریق بنا رکھا ہے۔ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ درخواست گزار پاکستانی شہری ہونے کی حیثیت سے کس طرح متاثرہ فرد نہیں ہے۔
کوہ نور ہیرا کیس

ای پیپر-دی نیشن