قلعہ دیدار سنگھ: ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق، ورثا کا احتجاج
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار) تیزرفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ ورثا نے حافظ آباد روڈ بلاک کرکے دو گھنٹے تک احتجاج کیا۔ ٹھکر کے کے نواحی ڈیرہ کوٹ لال دین کے رہائشی محنت کش اقبال اور نوید موٹر سائیکل پر اپنے گاﺅں جا رہے تھے کہ ہردوپور کے قریب پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے انہیں کچل دیا جس سے دونوں موقع پر دم توڑ گئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ بعدازاں ورثاءنے حافظ آباد روڈ کو ٹریفک کیلئے دو گھنٹے تک بند کرکے پولیس کیخلاف احتجاج کیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ ڈی ایس پی سرکل قلعہ دیدار سنگھ غلام محمد گجر نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لوگوں سے مذاکرات کر کے ٹریفک کی روانی کو بحال کیا۔ ٹرک کو پولیس نے قبضہ میں لیکر تھانہ لدھیوالہ وڑائچ منتقل کردیا۔
قلعہ دیدار/ حادثہ