فیصلے ہوا میں نہیں اڑانے دینگے‘ چیف سیکرٹری کی نوکری رہے یا جائے پروا نہیں : ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پیڈا کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کو ہوا میں نہیں اڑانے دیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کی نوکری جاتی ہے یا رہتی ہے عدالت کو اس کی کوئی پروا نہیں۔ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے والے افسروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ہائیکورٹ میںدرخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو مستقل کرنے کی بجائے انہیں نوکریوں سے نکال دیا گیا۔ جس پر عدالت نے کہاکہ فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی بجائے کس حیثیت میں عدالتی فیصلے کو ہی رد کر دیا گیا؟ چیف سیکرٹری یا متعلقہ سیکرٹری کی نوکری جاتی ہے تو جائے عدالت کو اس کی کوئی پروا نہیں۔ عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے ذمہ دار افسروں کو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے کہ ملازمین کو نوکریوں پر واپس رکھا جا رہاہے یا نہیں۔ عدالت نے مزید سماعت 11 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی سے تحریری وضاحت طلب کر لی۔
ہائیکورٹ/ پیڈا ملازمین