• news

سیاستدانوں کے شور مچانے سے نیب کی کارروائیاں متاثر نہیں ہونگی: رانا ثناء

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے میگا پراجیکٹس میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دونگا۔ سیاستدانوں کے شور مچانے سے نیب کی کارروائیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ میٹرو منصوبے میں کرپشن ثابت نہیں ہو گی۔گذشتہ روز فیصل آباد میں گورنمنٹ ڈگری کالج کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں شروع ہونے والے میگا پراجیکٹس میں ایک روپے کی بھی کرپشن کوئی بھی ثابت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ نیب نے پنجاب کے میٹرو منصوبوں پر انکوائری شروع کی ہوئی ہے دعوے سے کہتا ہوں کہ میٹرو منصوبے میں کرپشن ثابت نہیں ہو گی کیونکہ پنجاب کے تمام منصوبے صاف اور شفاف ہیں۔ وزیر اعلی شہباز شریف خود میگا پراجیکٹس کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف سیاستدان نیب کی کارروائیوں پر شور مچا رہے ہیں ان کے شور مچانے سے نیب کی کارروائی متاثر نہیں ہو گی۔رانا ثناءاللہ نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے باصلاحیت اور ذہین طلباءکی حوصلہ افزائی کیلئے تاریخ ساز انقلابی اقدامات کئے ہیں تاہم طالب علموں کو ترقی کے لئے صحیح سمت اپنی زندگیوں کو متعین کرنا چاہئے تاکہ باقاعدہ پلاننگ کے ذریعے منزل کے حصول کی جستجو میں آگے بڑھا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ میونسپل ڈگری کالج جڑانوالہ روڈ میں نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کرنے کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے طلباءکو ترقی کے لئے محنت اور جہد مسلسل کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیم حاصل کرنے کا مقصد معلوم ہونا چاہئے تاکہ ان کے عزم وجستجو میں کمی نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے جاری کردہ انڈوومنٹ فنڈ کی بدولت وسائل سے محروم ذہین طالب علم کو ان کے خوابوں کی تعبیر مل رہی ہے۔

رانا ثناء

ای پیپر-دی نیشن