• news

کراچی: نوبیاہتا جوڑا قتل‘ ہاتھ پاﺅں بندھی نعش برآمد‘ تھانے پر حملہ

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاﺅن کے علاقے بسم اللہ کالونی میں نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کی نتیجے میں مرد اور خاتون جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت حامد عرف خان اللہ اور ثمینہ کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق حامد لڑکی ثمینہ کو چند روز قبل اس کے والدین کی مرضی کے بغیر شمالی وزیرستان سے لیکر آیا تھا اور دونوں نے پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں کا تعلق محسود قبائل سے تھا۔ دریں اثنا لیاری ایکسپریس وے سے 35 سالہ شخص کی ہاتھ پاﺅں بندھی تشدد زدہ نعش ملی جس کی شناخت نہ ہو سکی۔منگھو پیر سے کالعدم تنظیم کے تین دہشتگرد پکڑے گئے۔ صدر کے علاقے سے ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 3افراد زخمی ہو گئے۔منگھوپیر کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین دہشتگرد گرفتار کر لئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان بھتہ خوری، قتل اور اغوا میں ملوث ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا۔ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ صدر پاسپورٹ آفس کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے بھتہ خور سمیت 11 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور گاڑی برآمد کر لی۔محمود آباد چنیسر گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2 منشیات فروش اور بھتہ خور شامل ہیں۔ گرفتار منشیات فروش علی رضا اور عبدالماجد پوش علاقوں میں منشیات بیچتے تھے۔ اسی طرح مچھر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زوار حسین زخمی ہو گیا۔ شریف آباد میں تھانے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کر دیا۔ دھماکے سے اہلکاروں میں بھگدڑ مچ گئی‘ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کراچی/ قتل

ای پیپر-دی نیشن