کاشغر گوادر ریلوے لائن کی تعمیر اسی سال شروع ہو گی: چینی حکام
بیجنگ (آئی این پی) چین اور پاکستان کو ملانے والی ریلوے لائن کی تعمیر کا کام اس سال شروع کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں قابل عمل رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سنکیانگ کاشغر کے پارٹی چیف ژینگ چن نے چینی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن کاشغر شہر سے شروع ہو گی جو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد میں ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ریلوے لائن کی اپ گریڈنگ اور تنصیب کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے ، نئی ریلوے لائن گوادر سے کوئٹہ اور براستہ بسما جیکب آباد تک بچھائی جائے گی، 560کلومیٹر طویل ریلوے لائن بوستان سے کوٹلہ جام تک براستہ ژوب جب کہ دوسری بڑی لائن ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گی جب کہ 682کلومیٹر طویل ریلوے پٹڑی حویلیاں سے خنجراب تک بچھائی جائے گی۔ پاکستانی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کراچی سے براستہ کوٹری، ملتان، لاہور، راولپنڈی 1872کلومیٹر ریلوے لائن پشاور تک اپ گریڈ کی جائے گی جبکہ منصوبے کے مطابق شادرہ سے پشاور تک ریلوے لائن دور ویہ کر دی جائے گی جبکہ کوٹری سے اٹک شہر براستہ دادو، لاڑکانہ ، جیکب آباد، ڈیرہ غازی خان ، بھکر، کندیاں 1254کلومیٹر ریلوے لائن اپ گریڈ کی جائے گی۔ دریں اثنا باوثوق ذرائع سے معلوم ہے کہ چینی ماہرین کا ایک وفد اسی ہفتے گوادر ایئر پورٹ پر مجوزہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی سائٹ کا جائزہ لینے کے لئے گوادر پہنچے گا، وفد 12مارچ کو سائٹ پر ممکنہ طورپر کام شروع کرنے کے بارے میں صورتحال کا معائنہ کرے گا، ایئر پورٹ کی تعمیر اس سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال فروری میں گوادر کی بندر گاہ کی تعمیر کا کام چین کی اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو چالیس سال کی لیز پردیا گیا جس میں ایک عالمی معیار کے ہوائی اڈے کی تعمیر اور چار رویہ رابطہ سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے۔
ریلوے لائن