پاکستانی سکیورٹی وفد کے تحفظات ، کرکٹ ٹیم کی آج بھارتی روانگی موخر
لاہور+ نئی دہلی+ دھرم شالا (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی سکیورٹی وفد کی رپورٹ میں دھرم شالا میں پاکستان، بھارت میچ پر تحفظات کے بعد وزارت داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی آج شیڈول کے مطابق بھارت روانگی کو روکدیا ہے اور آج روانگی مؤخر کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے تین رکنی سکیورٹی وفد جس میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عثمان انور سربراہ جبکہ ممبران میں پی سی بی سکیورٹی منیجر کرنل اعظم اور بھارت میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر عبید نظامانی نے اپنی رپورٹ پی سی بی اور وزارت داخلہ دونوں کو جمع کرادی ہے جس میں دھرم شالا میں میچ کے انعقاد کے حوالے سے تحفظات رپورٹ کئے ہیں۔ دوسری جانب وزارت داخلہ چودھری نثار نے پاکستان مینز اور ویمنز ٹیموں کو آج شیڈول کے مطابق بھارت جانے سے روکدیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پی سی بی حکام کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں آج کوئی فیصلہ کریں کہ پاکستان ٹیم بھارت جائیگی۔ دوسری جانب پی سی بی ترجمان امجد بھٹی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے آج اجازت دیدی تو پاکستان ٹیم کل بھارت روانہ ہوگی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دھرم شالا میں شیڈول میچ کے وینیو کے تبدیل ہونے کا بھی امکان ہے جس کا فیصلہ آج ہوجائیگا۔ علاوہ ازیں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی ٹیم نے پاکستان، بھارت میچ کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ علاوہ ازیں پاکستان بھارت میچ کیخلاف دھرم شالا کے شہریوں نے گذشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا اور میچ کیخلاف نعرے بلند کرتے رہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عثمان انور نے رپورٹ بھیجی۔ وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال بھارتی حکام کو دورے سے متعلق کوئی سگنل نہیں دیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہماچل پردیش نے کہا ہے کہ میچ کیلئے سکیورٹی تو دیں گے لیکن سابق فوجیوں نے احتجاج کیا تو ان کیخلاف کارروائی نہیں کرینگے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان، بھارت میچ منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دھرم شالہ میں احتجاج اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان، بھارت کرکٹ میچ دھرم شالہ سے کلکتہ یا موہالی منتقل کیا جائے۔ آن لائن کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان ٹیم کو سکیورٹی دینے سے انکار کردیا۔ گرین شرٹس کی سکیورٹی کے حوالے سے آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کے اندر پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی دینا ہماری ذمہ داری ہے لیکن گراؤنڈ سے باہر سکیورٹی نہیں دے سکتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی ٹیم کی رپورٹ کے بعد کرکٹ ٹیم بھارت بھجوانے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی ٹیم دھرم شالہ میں سکیورٹی معاملات سے مطمئن نہیں۔ پاکستان بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ دھرم شالہ سے شفٹ ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی میچ موہالی یا کولکتہ منتقل کرانا چاہتا ہے۔ شہریار خان نے دھرم شالہ سے میچ منتقل کرنے کیلئے آئی سی سی کو خط لکھا ہے۔