پاکستان کی معیشت مضبوطی کی طرف گامزن، مستقبل کی تیسری سپر پاور بن جائیگا: امریکی ویب سائٹ
نیویارک (نیٹ نیوز) مستقبل میں پاکستان دنیا کی تیسری سپرپاور ہوگا۔ امریکی ویب سائٹ نے کئی وجوہ، اعداد و شمار اور پیمانوں کو سامنے رکھ کر پیشگوئی کی ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان دنیا کی تیسری بڑی طاقت ہوگا۔ دنیا کے دس طاقتور ممالک کی فہرست میں پاکستان کے شامل ہونے کا اندازہ جن تجزیوں اور تبصروں کو بنیاد بناکر لگایا گیا ہے ان میں سے چند یہ ہیں کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے مضبوط اور پھیل رہی ہے اور 2020ء تک دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت کادرجہ حاصل کرلے گی۔ مستقبل قریب میں روبوٹ، پیسہ، خوشحالی و غیرملکوں کی ترقی میں شمار نہیں ہوں گے بلکہ صرف نیوکلیئر پاور ہی کسی ملک کی طاقت شمار ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان معروف جوہری ممالک امریکہ اور برطانیہ کی جگہ لے لے گا، اس وقت پاکستان دنیا میں ساتویں اور اسلامی ممالک میں پہلی جوہری طاقت ہے۔ پاکستان کی فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کردار ادا کررہی ہے۔ ایک دفعہ یہ فوجی آپریشن مکمل ہو گیا تو پاکستان ٹریک پر آجائے گا اور جلد دہشت گردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا حاصل ہو جائے گا۔ پاکستانیوں کی نظر میں فوج ہی واحد ادارہ ہے جس پر لوگوں کا اعتماد ہے۔ پاکستان میں ہائوسنگ مارکیٹ تیزی سے فروغ پا رہی ہے جس میں صرف ایک گروپ ہی دس نئے شہر کھڑے کر سکتا ہے صرف ہائوسنگ مارکیٹ ہی دس کھرب (ایک ٹریلین) ڈالر کی معیشت پیدا کر تی ہے اور 2020ء تک اس میں پانچ گنا اضافہ ہو جائے گا۔ پاکستان کے پاس سونے کے وسیع ذخائر ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کا تخمینہ 20 کھرب (دو ٹریلین) ڈالر لگایا گیا ہے۔ قدرتی وسائل کے 80 فیصد کو ابھی تک دریافت ہونا ہے۔ 35ارب ڈالر کا چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر سے گوادر بندرگاہ کے ذریعے پاکستان کا کاشغر تک رابطہ قائم ہو جائے گا جس سے ملک میں کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ توانائی کی قلت کے شکار چین اور بھارت کی طلب صرف پاکستان کی وجہ سے پوری ہو سکے گی کہ وہ خلیج اور وسطی ایشیا سے پائپ لائن بچھانے کا راستہ دے۔ مستقبل کے ممکنہ سپر پاور چین، بھارت، پاکستان اور روس ہوں گے۔