فیصل آباد ائر پورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کے 45 نایاب کچھوے برآمد، ملزم گرفتار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کروڑوں روپے مالیت کے نایاب کچھوے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ 45 نایاب کھچوے برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم فیصل آباد سے بذریعہ قطر کچھوے ملائیشیا سمگل کررہا تھا۔ فیصل آباد سے قطر جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز میں سوار ہونے کیلئے کراچی کا اقبال آیا تو اسکے پاس 115کلوگرام سے زائد سامان تھا جبکہ قوانین کے مطابق صرف 70کلوگرام سامان جہاز میں لے جانے کی اجازت ہے۔ اقبال نے زائد سامان کیلئے 2 لاکھ روپے جمع کروائے تو شک کی بناء پر اے ایس ایف، کسٹم، اے این ایف اور ایف آئی اے حکام نے اسکے سامان کی چیکنگ کی تو ملزم کے بیگوں سے 45 عدد نایاب نسل کے کھچوے برآمد ہوگئے اور اسکے پاس محکمہ وائلڈ لائف اور اے ایس ایف کا کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھا جس پر کسٹم حکام نے ملزم کو حراست میں لیکر اسکا سامان قبضہ میں لیکر حوالات میں بند کردیا۔