• news

نوازشریف، آرمی چیف کی شاہ سلمان کے عشائیہ میں شرکت: سلامتی کو خطرہ ہوا تو بھرپور ساتھ دیں گے: پاکستان

ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ کنگ سعود ایئرپورٹ پر شاہی خاندان کے ارکان، شہزاد محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم کو خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس دورہ کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم ہائوس کے بیان کے مطابق سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف ’’نارتھ تھنڈر‘‘ (رعد الشمال) فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پانچ خلیجی ممالک اور پاکستان سمیت 21 ممالک کی مشترکہ فوجی مشقیں اس وقت سعودی عرب میں جاری ہیں۔ فوجی مشق دیکھنے اور اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے متعدد ملکوں کے سربراہان مملکت اور حکومت کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس مشق کا بنیادی مقصد دہشتگرد گروپوں کی جانب سے درپیش خطرے کے جواب میں تربیت کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب دفاع اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں سمیت کثیرجہتی تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دے گی۔ پاکستان اور سعودی عرب دفاع اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں سمیت کثیر الجہتی تعاون کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اور آرمی چیف سعودی فرمانروا سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کے عشائیہ میں شرکت کی ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم نواز شریف کا پُرتپاک استقبال کیا۔ عشایئے میں آرمی چیف راحیل شریف اور معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔ اس عشایئے میں 21 ممالک کے سربراہ اور نمائندے شریک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن