• news

شہباز تاثیر گھر پہنچ گئے، جذباتی مناظر: آپریشن کے ذریعے بازیابی کی خبر پر وزیرداخلہ برہم، کمیٹی قائم

لاہور (نامہ نگار+ خبر نگار+ لیڈی رپورٹر+ بی بی سی) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے سخت سکیورٹی میں گھر پہنچ گئے، لاہور ایئرپورٹ پر اہل خانہ عزیز و اقارب نے ان کا استقبال کیا، شہباز تاثیر کو ایئرپورٹ سے گھر لانے کیلئے بلاول بھٹو زرداری کی بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی جبکہ ان کے گھر کی طرف جانے والے راستے عام شہریوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیئے گئے۔ شہباز تاثیر ایک روز قبل کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے بازیاب ہوئے تھے۔ انہیں گزشتہ روز خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے لاہور پہنچایا گیا۔ ایئر پورٹ پر ان کے اہل خانہ نے استقبال کیا۔ شہباز تاثیر کی اپنی والدہ، اہلیہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے وقت انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ ملاقات کے وقت شہباز تاثیر نے پینٹ اور شرٹ پہنی ہو ئی تھی جبکہ داڑھی بھی تراش لی تھی جبکہ ایک روز قبل ان کی داڑھی تھی اور شیو بڑھی ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنا لباس بھی پہلے کی طرح جینز اور شرٹ اختیا کر لیا۔ تاثیر فیملی کے گھر مبارک باد دینے کے لئے آنے والوں کا رش رہا تاہم نہ تو خاندان میں سے کسی فرد اور نہ ہی مہمانوں میں سے کسی نے میڈیا سے گفتگو کی۔ لاہور ایئرپورٹ پر والدہ آمنہ تاثیر اور اہلیہ ماہین تاثیر، بہن شہربانو، بھائی شہریار تاثیر اور دیگر رشتہ داروں نے پرجوش استقبال کیا۔ اپنے لخت جگرکو ایک طویل مدت کے بعد اپنے سامنے پاکر بیگم آمنہ تاثیر جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور مسکراہٹ کی کوشش کے باوجود انکی آنکھیں چھلکتی رہیں۔ بیٹے کا ماتھا چوما، گلے لگایا اور اپنے ہاتھوں سے انکے بال سنوارتی رہیں۔ اس موقع پر فیملی نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ گھر پہنچنے پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے انکا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا صاحبزادہ افغانستان میں ہے اور بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ شہباز تاثیر کیلئے فاسٹ فوڈ اور بسکٹ فائیو سٹار ہوٹل سے منگوائے جبکہ مہمانوں کی 10 اقسام کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کا بنیادی فرض ہے۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے خوشی منائی، مٹھائی تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ شہباز تاثیر گذشتہ روز اپنی رہائشگاہ پہنچے تو پیپلزپارٹی لاہور کے رہنما فیصل مہر اور عاقب سانور ورکرز کے ایک گروپ کے ساتھ شہباز تاثیر کی رہائشگاہ پہنچے اور وہاں موجود ورکرز، پولیس اہلکاروں میں مٹھائی تقسیم کی۔ دریں اثنا شہبازتاثیرنے کہاہے کہ وہ اپنی رہائی پراللہ تعالیٰ کاشکراداکرتے ہیں۔اپنے خاندان کے ساتھ مل کرانہیں بے حدخوشی ہے اوربھرپوراندازمیں لطف اندوزہورہے ہیں ۔ طویل عرصے بعد اپنے خاندان اور دوستوں سے ملکر بے حدخوشی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس وقت اپنے ساتھ پیش آنیوالی تمام ترصورتحال سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کے ساتھ جوکچھ بھی ہوا ا سے بھول نہیں پار ہا لیکن بھولناچا ہتا ہوں اور ہنسی خوشی زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے شہباز تاثیر کی رہائی کے معاملہ پر غلط معلومات دینے کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمیں قوم کے سامنے سچ بولنے کی عادت ڈالنی چاہئے۔ بدھ کو ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہاکہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ آئی جی پولیس بلوچستان نے وزیر ِداخلہ کو یہ خبر کیوں دی کہ شہباز سلمان تاثیر آپریشن کے ذریعے بازیاب ہوئے جبکہ اصل واقعات اس کے برعکس تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی تحقیق کے سلسلے میں سپیشل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کو دو دن میں اپنی رپورٹ وزیرِداخلہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی این سی ایم سی شامل ہیں۔ حکومت نے اغوا کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شہباز تاثیر کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے اہل خانہ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن