تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے بے پناہ کام کر رہے ہیں: شہباز شریف، پنجاب کی سمت درست ہے: برطانوی وزیر خارجہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ، تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور سکیورٹی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں خاطرخواہ وسعت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کے اشتراک سے پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے بے پناہ کام کیا جا رہاہے اور تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی اور انہیں بااختیار بنانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ سے انتہاپسندانہ رحجانات کا خاتمہ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کے ساتھ ضروری قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس چیلنج سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے۔ پاکستانی قوم، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک صفحے پر ہیں۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی کام ہو رہا ہے اور پنجاب میں برطانوی ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست استعمال دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ پنجاب ترقیاتی میدان میں درست سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کے بعض امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ٰشہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے شہروں کو پرامن اور محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سیف سٹیز پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیر صنعت ویٹالے میخائلو وچ ووک نے ملاقات کی۔ پنجاب اور بیلاروس کا زراعت، انڈسٹریز، مائننگ اور جنگلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر بارٹر ٹریڈ سسٹم کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں مستقبل کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بیلا روس کے وزیر صنعت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔ شہباز شریف سے سگیب کے صدر رجب بصیر کی قیاد ت میں ترکی کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں پنجاب اور ترکی کا ایس ایم ایز کے فروغ اور فنی، ووکیشنل اور سکل ٹریننگ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا- ملاقات میں ایس ایم ایز کے فروغ اور فنی، ووکیشنل اور سکل ٹریننگ کے حوالے سے اتفاق رائے سے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا- گردوں کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ گردے کے امراض سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے مرض سے ممحفوظ رہا جا سکے۔ ورلڈ کڈنی ڈے منانے کا مقصد گردے کی اہمیت اور امراض سے متعلق آگاہی دینا ہے تاکہ صحت مند انسان گردوں کے مرض سے محفوظ رہ سکے اور بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ شہباز شریف نے سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب عاصم اقبال کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔