انگلش ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی
ممبئی (سپورٹس ڈیسک) انگلش ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی۔ بھارت پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انگلش قائد ایوان مورگن نے کہا کہ ٹیم باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، 2010ء کی روایت کو دوہراتے ہوئے ورلڈ ٹائٹل جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ میں ناکامی ماضی کا حصہ بن چکی، بارہ ماہ کے دوران ٹیم میں اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں اور اس وقت ہماری ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم ہدف حاصل کرنے اور حریف ٹیموں کے خلاف بڑا مجموعہ تشکیل دینے کی اہلیت رکھتی ہے اسلئے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ہم ساری ٹیموں کے خلاف ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں۔