پابندیوں کا خاتمہ خوش آئند، ایران سے تعلقات مزید مضبوط ہونگے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونا خوش آئند ہے اب پاکستان اور ایران کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ ایران کے پاکستان میں نئے تعینات سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے برادانہ تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایرانی سفیر نے وزیر خزانہ کے ساتھ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی۔ ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اور عوام ایرانی صدر کے دورہ کے منتظر ہیں۔ دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نواز شریف کے گزشتہ سال دورہ ایران سے تعلقات کو تقویت ملی تھی۔ ایرانی صدرکے دورہ سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات میں پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کی رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ہر شعبہ میں تعاون کی نئی راہ متعین کر یگی۔ انہوں نے کہا کہ جے ای سی کی میٹنگ بلانے پر بھی اتفاق رائے کیا ہے۔ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے بتایا کہ ایرانی صدر حسن روحانی رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کے دوران مہدی ہنر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ علاقائی تعاون اور شدت پسندی ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے جاری ہونے والے ایک بیان میں رانا تنویر حسین نے ایرانی صدر کے پاکستان کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ایرانی صدر کے دورے کے دوران ورکنگ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ ملاقات کے دوران ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر بھی بات ہوئی۔ رانا تنویر حسین نے ایران میں مصطفیٰ پرائز کی تعریف کرتے ہوئے کہا مسلمان سائنسدانوں کو ایسے ایوارڈ دینا ایک اچھی کوشش ہے اور اس سے انہیں مزید کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ایران کو اپنی قریبی دوست اور پڑوسی سمجھتا ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خوشگوار ہیں اور ایران کیلئے کسی بھی قسم کی مدد کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے کیلئے کئی منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے۔