میانمار: سوچی نے قریبی وفادار ساتھی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا
ینگون (اے ایف پی) میانمار میں جمہوریت نواز رہنما آن سان سوچی نے اپنے قریبی وفادار ساتھی ہیتن کیرا کو میانمار کے نئے صدر کے لیے اپنی جماعت کی طرف سے نامزد کر دیا ہے۔ ہیتن اس وقت سوچی کا فلاحی ادارہ چلانے میں مدد کرتے ہیں۔ 69سالہ ہیتن کیرا کو نامزد کرنے کے فیصلے کی وجہ آن سان سوچی کے صدر بننے کی راہ میں حائل آئینی رکاوٹیں بتائی جا رہی ہیں۔ ہیتن کو آن سان سوچی کے انتہائی قریبی متعمد کی حیثیت حاصل ہے اور مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق آن سان سوچی ہیتن کی آڑ میں میانمار کی اصل حکمران ہوں گی۔ وائس آف امریکہ کے مطابق میانمار میں جمہوریت نواز رہنما آن سان سوچی نے ملک کی آئندہ صدر نہ بننے پر اپنے حامیوں سے معذرت کی ہے۔ جمعرات کو میڈیا کو جاری کئے گئے ایک خط میں نوبل انعام یافتہ شخصیت نے عوام کی امنگوں کو پورا نہ کرنے پر معذرت کا اظہار کیا۔ سوچی کی پارٹی این ایل ڈی نے ہنری وین تھیو کو بھی صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے لیکن توقع ہے وہ نائب صدر بن جائیں گے۔ آنگ سان سوچی نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ عوام صدارتی امیدواروں کی نامزدگی پر خوش ہونگے۔