تحفظ حقوق نسواں قانون‘ پنجاب حکومت نے ترمیم پر آمادگی ظاہر کردی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پنجاب حکومت نے تحفظ حقوق نسواں قانون میں ترمیم پر آمادگی ظاہر کر دی۔ بل کے حوالے سے علمائے کرام اور مذہبی حلقوں کے تحفظات دور کرنے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کو ٹیلیفون کیا اور انہیں حال ہی میں پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والے تحفظ حقوق نسواں قانون کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا بل میں اسلام اور شریعت کے خلاف کوئی چیز نہیں۔ اس حوالے سے خوامخوا خدشات پھیلائے جا رہے ہیں۔ میں آپ کو بل کا مسودہ ارسال کرتا ہوں۔ آپ اس کے تمام نکات کا جائزہ لیں۔ اس کے بعد ضرورت پڑی تو اس میں ترمیم کیلئے بھی ہم تیار ہیں۔ انہوں نے مولانا حنیف جالندھری کو یقین دہانی کرائی بل کے حوالے سے علمائے کرام اور دینی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں۔ اس موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری نے علماء کرام کے خدشات اور تشویش سے آگاہ کیا اور رانا ثناء اللہ کی پیشکش پر بل کے مسودے کے حوالے سے اکابر علمائے کرام اور قانونی ماہرین سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔