بچے نہیں شریف برادران مجھ سے مناظرہ کر لیں‘ پنجاب میں احتساب کب شروع ہو گا: عمران
گوجرانوالہ+ علی پور چٹھہ+ قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شریف برادران رینجرز اور نیب کے پنجاب میں آنے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ سب دیکھنا چاہتے ہیں پنجاب میں احتساب کا عمل کب شروع ہو گا، شریف برادران کے بچے ہمیں مناظرے کا چیلنج دیتے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف مجھ سے مناظرہ کر لیں۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ پتہ کریں کہ پیسہ کس کی جب میں جا رہا ہے، نیب کو کہتا ہوں کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے، شریف برادران کو بتانا ہو گا کہ اتنا پیسہ کہاں سے آیا، نوازشریف کے بیٹے کی 2سو ارب کی کمپنی ہے میاں صاحب نیب کو دھمکیاں دے رہے ہیں، ملک میں بادشاہت نہیں ہے، پیسے کے متعلق بتانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی پارٹی میں جمہوریت نہیں، تحریک انصاف میں جمہوریت ہے موجودہ دور حکومت میں کسانوں کی حالت زار خراب ہے، ڈیزل پر سوفیصد ٹیکس لگایا جا رہا ہے، بجلی کی قیمت بڑھادی گئی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور امریکہ کسانوں کو سبسڈی دیتے ہیں، پاکستان میں کسانوں کا خون چوسا جاتا ہے، دو سو ارب روپے اورنج ٹرین کیلئے قرضہ لئے جاتے ہیں، اورنج ٹرین پر اربوں لگانے کے بجائے کسانوں پر پیسہ خرچ کیا جائے۔ غربت بڑھ رہی ہے غربت تب ہی کم ہوگی جب کسان خوشحال ہوگا۔ مسلم لیگ ن امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر امیروں سے ٹیکس لیکرغریبوں پر خرچ کریگی۔ نیب کو کہنا چاہتا ہوں پوری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ سب دیکھنا چاہتے ہیں پنجاب میں احتساب کا عمل کب شروع ہو گا۔ علی پور چٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق نندی پور، اسلام آباد ائر پورٹ آزادی چوک فلائی اوور، میٹرو بس میں اربوں کی کرپشن کی گئی۔ قلعہ دیدارسنگھ سے نامہ نگار کے مطابق عمران کا کہنا تھا کہ میٹروبس اورنج ٹرین، سگنل فری منصوبوں پر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے۔ مسلم لیگ اور تحریک انصاف کا مقابلہ 2نظاموں کا مقابلہ ہے۔ 22مارچ کو بلے پر مہر لگا کر اس استحصالی نظام کا خاتمہ کر دیں۔ نیب، رینجر کو پنجاب میں کارروائی سے روک کر اشرافیہ کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ ہم نے کرپشن سے پاک ایک پاکستان کی تعمیر کرنا ہے۔ انشاء اﷲ تحریک انصاف برسر اقتدار آکر مساوی نظام انصاف کے ذریعے روزگار، تعلیم، انصاف، کرپشن سے پاک نظام لائے گی۔ چودھری سرور نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ علی پور چٹھہ کے عوام نے چوہدری احمد چٹھہ کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ ابرارالحق نے شرکاء جلسہ پر زور دیا کہ وہ آنے والی نسل کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں، جہانگیر ترین نے کہا کہ علی پور چٹھہ کا حلیہ دیکھ کر میں لودھراں کے عوام کا جوش وخروش بھول گیا ہوں، چوہدری حامد ناصر چٹھہ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی ترقیاتی کام کو نہیں روکا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شریف فیملی ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔