• news

ریلوے نے 200 نئے انجنوں کی خریداری کیلئے پی سی ون کی تیاری شروع کردی

لاہور (میاں علی افضل سے) پاکستان ریلوے نے لگ بھگ 80 ارب مالیت کے 200 نئے انجن خریدنے کیلئے پی سی ون کی تیاری شروع کر دی ہے۔ پی سی ون آئندہ ڈھائی ماہ میں وزارت منصوبہ بندی کمشن کو بھجوایا جائیگا جس کی منظوری کے بعد انجنوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔ ان انجنوں کو ریلوے فریٹ میں استعمال کئے جانے کی منصوبہ بندی جاری ہے جس سے ریلوے کے سالانہ ریونیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی ون کی تیاری میں ایسی شرائط شامل کی جا رہی ہیں جس کے مطابق تمام امریکی انجن خریدے جاسکیں گے اور یہ انجن 3 ہزار سے 4 ہزار ہارس پاور کے ہونگے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ان انجنوں کی آمد عرصہ 2 سال تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ انجنوں کی خریداری کیلئے پہلی بار مکنیکل کیساتھ سول کے افسران بھی شامل کئے جائیں گے جو انجنوں کے ڈھانچے کی ڈیزائننگ چیک کریں گے۔ سول افسران کو ٹینڈر کے بعد ٹیکنکل کمیٹی میں شامل کیا جائیگا۔ ان انجنوں کی خریداری میں 2 سال کی گارنٹی کی شرط بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے جبکہ دوران گارنٹی انجن کی خرابی پر نقصان کی ادائیگی متعلقہ کمپنی کے ذمہ ہونے کی شرط بھی ٹینڈر میں شامل کی جائیگی۔ پہلے ٹرائل کے طور پر انجن 2 ماہ تک استعمال کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن