سنی تحریک نے ’’یوم وفائے رسولؐ ‘‘ منایا، کئی شہروں میں جلسے، ریلیاں
گوجرانوالہ+ اسلام آباد+ ڈسکہ (نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کی خصو صی ہدایات پر سنی تحریک کی اپیل پر تنظیمات اہلسنت نے کئی شہروں میں ''یوم وفائے رسول ''منایا، جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے گئے۔ جبکہ ممتاز قادری کو پھانسی پر اسلام آباد اور ڈسکہ میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں مذہبی رہنمائوں، کارکنوں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گوجرانوالہ میں صاحبزادہ پیر محمد داؤد رضوی کی زیر قیادت میں پرانے ریلوے سٹیشن جی ٹی روڈ پر جلسہ منعقد کیا گیا۔ اس مو قع پر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، صاحبزادہ پیر احمد فاروق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومت میں عوام کو طاقت کے زور سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کا طرز حکمرانی آمرانہ دور حکومت سے بھی زیادہ بدتر ہے۔ علاوہ ازیں ڈسکہ میں ریلی جامع مسجد نور سے شروع ہوئی اور میلاد چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں ممتاز قادری کے بلند درجات کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ ادھر اسلام آباد میں تحریک ناموس رسالت کے زیر اہتمام مسجد خلفاء راشدین سے کراچی کمپنی تک ریلی منعقد کی گئی جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور مولانا نذیر احمد فاروقی نے کی۔