• news

این اے 108: الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار، اعجاز چودھری کی نظرثانی اپیل خارج

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے منڈی بہائوالدین کے انتخابی حلقہ NA-108 بارے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار محمد اعجاز احمد چودھری کی نظر ثانی اپیل خارج کر دی ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر اعجاز چودھری کو نااہل قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدوار ممتاز احمد تارڑ کو کامیاب قرار دیا تھا۔ جمعہ کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نظرثانی اپیل کی سماعت کی تو ممتاز تارڑ کے وکیل شہزاد شوکت پیش ہوئے جبکہ اعجاز چودھری کے وکیل خواجہ حارث کے بجائے درخواست گزار اعجاز احمد چودھری نے خود دلائل دیتے ہوئے کہا انہوں نے فلپائن سے ڈگری حاصل کی جو جعلی ثابت نہ ہو سکی، مجھ پر ایک اور نئی ڈگری رکھنے کا الزام بھی ہے جب کہ حقیقت میں ایسا نہیں میرے پاس ایک ہی پرانی ڈگری ہے۔ الیکشن ٹربیونل میں میرے خلاف چار دستاویزات پیش کی گئیں ان میں سے دو میرے حق میں تھیں لیکن ٹربیونل نے غلط قرار دیا۔ بعدازاں عدالت نے ان کے دلائل سے اتفاق نہ کرتے ہوئے ان کی نظرثانی اپیل خارج کر دی۔ سپریم کورٹ نے اعجاز چودھری کی اپیل خارج کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعجاز احمد چودھری نے نظر ثانی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔ عدالت نے اپنا سابقہ حکم اور الیکشن ٹربیونل فیصلہ براقرار رکھتے ہوئے اعجاز احمد چودھری کی نظرثانی اپیل بھی خارج کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن