پاکستان سرحد پار سے حملے بند کرے‘ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہونگے: کرزئی
کابل (آئی این پی) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستان پر سرحد پار سے دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سرحد پار حملوں سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا اور ہمسایہ ممالک کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق سابق صدر حامد کرزئی نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان سرحد پار حملوں کو روکے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا ہو گا۔ انکا کہنا تھاکہ افغان جہاد کے وقت پاکستانی قوم کی افغانوں کی حمایت کی وجہ سے افغان قوم سرحد پار خلاف ورزیوں پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے تاہم پاکستان اسے افغان عوام کی کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیاں دونوں قوموں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کریں گی اور ہمسایہ ممالک کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ افغان میڈیا کے مطابق حامد کرزئی کی جانب سے حالیہ بیان پاکستانی ایئرفورس کی جانب سے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ کنڑ کے ضلع دانگام میں مختلف مقامات، پر بمباری کے بعد سامنے آیا ہے۔ قندھار میں مقامی حکام کا الزام ہے کہ دونوں جانب سے جھڑپیں گزشتہ سال اس وقت شروع ہوئی تھیں جب افغان سرحدی پولیس فورسز نے پاکستانی فوج کو افغان سرزمین کے اندر چیک پوسٹیں قائم کرنے سے روکا تھا۔