• news

ہمارے پاس کرپٹ مافیاز کے تمام ریکارڈ ہیں، جلد بے نقاب کرینگے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ حکمران نہیں چاہتے کہ ان کی لوٹ مار عوام کے سامنے آئے۔ اگر حکومت چاہے تو کسی کو ایک پیسے کی کرپشن کا موقع نہیں مل سکتا۔ حکمران خود ناک تک کرپشن کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بیورو کریسی اور سرکاری اداروں کے اہلکاروں کو بھی کرپشن میں ہاتھ رنگنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے عوام کو کرپشن فری پاکستان تحریک کا حصہ بنائیں گے اور کم از کم ایک کروڑ شہریوں کے دستخطوں والے بینرز سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں پیش کرکے اس ناسور کے علاج کا مطالبہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لبرٹی مارکیٹ میں کرپشن فری دستخطی مہم کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو اور جامع مسجد حنفیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کرکٹ بورڈ میں کرپشن سیکنڈلز کی وجہ سے ناکامیوں سے دوچار ہے، کرکٹ بورڈ سے کرپشن اور سفارش کا خاتمہ ہو جائے تو ہماری ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ کرپشن نے تمام اداروں کو ناکام بنا دیا۔ حکمران کرپشن کی بیخ کنی کی بجائے اس میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کانیب کے راستے میں روڑے اٹکانا اور سپیڈ بریکر بنانا کرپشن کی سرپرستی کے مترادف ہے۔ وزیر اعظم فرماتے ہیں کہ نیب پنجاب کے معصوم لوگوں پر ہاتھ ڈالنے اور بدنام کرنے سے باز رہے۔ عدلیہ حکومتوں کے دبائو میں آجاتی ہے۔ اگر عدلیہ عوام کی امنگوں کی ترجمان بنتی تو آج ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی بالادستی ہوتی۔ کرپشن فری پاکستان تحریک کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے جسے حکمرانوں کو پڑھنا چاہئے۔ ہمارے پاس کرپٹ مافیاز کے تمام ریکارڈز موجود ہیں، بہت جلد قومی میڈیا کے سامنے چوروں اور لٹیروں کو بے نقاب کریں گے۔ سنیٹر سراج الحق نے کہاکہ حقوق نسواں بل پر مغرب خوشی کے شادیانے بجا رہا ہے اور اسے ’’عورت‘‘ اور ’’ملا‘‘ کی لڑائی قرار دے رہا ہے۔ بھیک اور قرضوں کیلئے قوم پر مغرب کی غلامی مسلط کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن