ملتان : لوڈ شیڈنگ جاری، لوگوں کو مشکلات کا سامنا، سراپا احتجاج
ملتان‘ لاہور (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ ملک میں گرمیوں کے دوران بجلی کی بندش میں کمی ہوگی نہ اضافہ ہوگا جبکہ وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گڈو پاور پلانٹ سے 270 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی اور گیس کی بندش گزشتہ روز بھی جاری رہی جس کے باعث کاروبار زندگی متاثر ہوئے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مابق قصور اور گردونواح میں نماز فجر کے وقت بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہریوںکا کہنا ہے نماز فجر کے وقت بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وضو کیلئے پانی بھی موجود نہیں ہوتا۔ لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز بجلی کے ساتھ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔ طلباءو طالبات اور ملازم پیشہ افراد بھوکے دفاتر میں جانے پر مجبور ہو گئے۔ شہری حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے لوڈشیڈنگ میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کئی شہری جمعہ کی نماز ادا نہ کر سکے۔ اکثر مساجد میں پانی نایاب رہا۔ علاوہ ازیں ترجمان وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ گڈو پاور پلانٹ سے 270 میگاوانٹ بجلی سسٹم میں شامل کر دی ہے۔ قومی گرڈ میںبجلی شامل کرنے کا افتتاح سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے گڈو میں کیا۔ پلانٹ سے 2013ءمیں بجلی کی پیداوار ٹربائنز کو نقصان کے باعث رک گئی تھی۔ رواں سال موسم گرما سے قبل 450 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پانی و بجلی کے سیکرٹری یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ 2017ءسے لوڈشیڈنگ میں تیزی سے کمی آئیگی اور 2018ءکے آغاز تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گرمیوں سیزن میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔ 2015ءسے شہری علاقوں میں چھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور گرمیوں میں بھی بجلی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور اسی شیڈول کو برقرار رکھا جائے گا۔
لوڈشیڈنگ