• news

”پاکستان میں ملی محبت کبھی نہیں بھول سکتے“ ہندو یاتری واہگہ کے راستے بھارت روانہ

 مہاشو راتری کے لئے آئے ہندو یاتری اپنا دورہ مکمل کرکے واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو گئے، انہیں رخصت کرنے کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہندو یاتریوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ملنے والے پیار و محبت کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ واضح رہے کہ یاتریوںنے اپنی 8 روزہ مہا شو راتر ی کی تقریبات کٹاس راج مندر میں منائیں۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے مہمانوں کے لئے سکیورٹی سمیت تمام تر سہولیات میسر کئی گئیں تھی۔ گزشتہ شب چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاروق کی رہائش گاہ پر یاتریوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے صدیق الفاروق نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے ، ہر قوم کو اپنا اپنا مذہب اور اپنا اپنا ملک مبارک لیکن اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے انسانیت کے رشتے کو پیار اور محبت سے قائم رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف خطے میں امن کے خواہاں ہیں اور وہ بھارتی وزیراعظم مودی سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ قیام امن کے لئے کوششیں تیز کریں گے۔ یاتریوں کے لیڈر ستیش کمار نے کہا کہ بہترین مہمان نوازی پر ہم وزیراعظم اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق کا شکریہ ادا کرتے ہیں، لاہور دنیا کا خوبصورت شہر ہے اسکی مثال نہیں ملتی یہاں کے لوگ خوش اخلاق اور زندہ دل ہیں، ہم یہاں ملنے والی عزت کو کبھی نہ بھول پائیں گے۔ بھارت واپس جاتے ہوئے ہندو یاتریوں واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے واپس لوٹ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن