انڈسٹریل اسٹیٹس کی بحالی اور نگرانی کیلئے اہل ٹیم منتخب کی جائے: محمد علی میاں
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ پنجاب کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کی تعمیر، بحالی اور نگرانی کے انتظام کے لیے تجربہ کار، اہل اور جذبہ خدمت سے سرشار ٹیم کا چناﺅ کریں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پنجاب کی انڈسٹری کو عالمی معیار کے انڈسٹریل زون مہیا کرنے کے لیے بہترین ویژن اور پلاننگ کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔، ہمیں خوشی ہے کہ چار سال قبل ہم نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے جو سات منصوبہ جات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کیے تھے ا±ن میں سے اکثر آج زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی 21انڈسٹریل اسٹیٹس توجہ اور بحالی کی منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پر بھی ویسے ہی توجہ دی جائے جس طرح وزیراعلیٰ پنجاب قائد اعظم ایپرل پارک پر توجہ دے رہے ہیں۔