• news

چھانگا مانگا جنگل میں ایک ہفتے کے دوران چوتھی بار پر اسرار آتشزدگی، قیمتی درخت جل گئے

چھانگا مانگا( نامہ نگار) چھانگا مانگا جنگل میں درختوں کی چوری چھپانے کیلئے ایک ہفتے میں چوتھی بار آگ لگادی گئی۔ درجنوں ایکڑ رقبہ پر کھڑے درخت جل کر راکھ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کاٹے گئے درختوں کی چوری چھپانے کیلئے بلاک5,4,2,1میں چھوتھی بار آگ لگادی گئی جس سے درجنوں ایکڑ رقبہ پر کھڑے درخت جل کر رکھ ہوگئے جبکہ کئی پرندے بھی ہلاک ہوگئے۔ آگ اتنی تیزی سے لگی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قیمتی درخت جل جانے سے محکمہ جنگلات کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ مقامی افسران آگ لگنے کے واقعات کو اعلیٰ حکام سے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی پلانٹیشن کیلئے آگ لگائی گئی ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کے ملازمین اپنی چوری چھپانے کیلئے ٹمبر مافیا سے مل کر آگ لگاتے ہیں تاکہ ملی بھگت سے کاٹے گئے درختوں کی جڑوں کو بھی سرے سے ختم کردیا جائے اور کوئی ثبوت باقی نہ رہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری جنگلات سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن