بی جے پی کے 3 رکنی وفد کی بلاول سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آئی این پی) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تین رکنی وفد نے وجے جولی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیا ن تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وجے جولی کی قیادت میں وفد کے دیگر ارکان میں وجے مہتا اور لبنیٰ آصف شامل تھے۔ بی جے پی کا وفد انسانی سمگلنگ کے موضوع پر ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد آیا ہے جس کا انعقاد انٹرنیشنل کانفرنس ایشین پولیٹیکل پارٹیز نے کیا ہے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے دونوں ممالک کے عوام سے عوام کے رابطوں پر زور دیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر فرحت اللہ بابر اور چیئرمین پی پی پی کے پولیٹکل سیکرٹری جمیل سومرو بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
بی جے پی وفد/ بلاول