مقبوضہ کشمیر : حریت قائد کی نظربندی کیخلاف زبردست مظاہرے‘ متعدد گرفتار‘ فوجی بنکر پر دستی بم حملہ
سری نگر (کے پی آئی+ اے این این) حرےت قائدین کی نظر بندی اور کشمیری سکالرایس آر گیلانی کی گرفتاری کے خلاف زبردست مظاہرے، متعدد حرےت کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیا۔ حریت کی مختلف اکائیوں کے بیسیوں زعما اور کارکن پریس کالونی میں جمع ہوئے اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دھرنا دیا۔ مظاہرین نے جب ریذیڈنسی روڈ پر نکلنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں منتشر ہونے کیلئے کہا تاہم انہوں نے نعرہ بازی جاری رکھی جس کے بعد پولیس نے متعدد رہنماﺅں کو گرفتار کرلیا۔ سمبل بانڈی پورہ میں لوگوں نے دوسرے روز بھی نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک نوجوان کے اغوا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ پلوامہ مےں سی آر پی اےف کے بنکر پر دستی بم حملہ کےا گےا تاہم کوئی جانی نقصان نہےں ہوا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے حکومت پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی مو¿قف قائم رہنے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کی صورت میں مسئلہ کو مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کئے جانے کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حریت کانفرنس نے ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان بامعنی مذاکراتی عمل کی حمایت کی ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر پر توجہ مرکوز کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی مذاکراتی عمل نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتا۔ میرواعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کی بحالی میں بنیادی رکاوٹ ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں حکومت پاکستان کی مخلصانہ کوششوںکا بھارت کی جانب سے مثبت ردعمل سے ہی اس خطے میں نئے دور کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ میرواعظ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے اس مسئلہ کے حل کے ضمن میں بامعنی مذاکرات کے آغاز کیلئے بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت کو رضامند کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کشمیری عوام کےلئے فوج کی براہ راست دھمکی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ جموں کشمیر کو آرمی اور پولیس کی خواہشات اور احکامات کے تحت ہی چلایا جارہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ کشمیر پر کوئی بیان دینے سے قبل تاریخ کا بغور مطالعہ کریں جبکہ یہ برطانیہ ہی تھا جس نے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو ہمیشہ کےلئے خطرے میں ڈالتے ہوئے مسئلہ جموں کشمیر کو حل کئے بناچھوڑ دیا۔ نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے متنازعہ خطے کے اندر قانون کی کوئی پاسداری نہیں ہورہی ہے، انتظامیہ اصل سیاسی قیاد ت پر آئے روز پابندیاں عائد کرکے جمہوری اصولوں کی مٹی پلید کرنے میں مصروف ہے۔ جماعت اسلامی نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف کیس درج کرنے پر مذمت کی ہے۔
کشمیر