مسئلہ کشمیر قراردادوں‘ عوامی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے : پاکستان
اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی) پاکستان نے اقوام متحدہ میں دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے نہ ہی اندرونی معاملہ بلکہ یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ جنیوا میں ہیومن رائٹس کونسل کے 31ویں اجلاس سے خطاب میں بھارتی مندوب کے بیان کے ردعمل میں جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل ڈپٹی نمائندے عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ خطہ میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کا تنازعہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں پر من گھڑت اور جھوٹے دعو¶ں سے تاریخی، قانونی اور سیاسی حقائق تبدیل کئے جاسکتے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ انتہا پر ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار سے زائد اجتماعی قبروں کی تصدیق کی ہے۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورجموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ تہمینہ جنجوعہ نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل سے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا میں ایک دیرینہ مسئلہ ہے، اسے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔ قابض بھارتی فوج کی زیرنگرانی ہونے والے نام نہاد انتخابات مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اورغیر جانبدارانہ استصواب رائے کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ تہمینہ جنجوعہ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکرکیا جو چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بھارت کے زیر تسلط زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کونسل سمیت انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پرزور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور جموں و کشمیر کے عوام کی بنیادی آزادی کے فروغ کی ذمہ داری پوری کریں۔
پاکستان/ کشمیر