• news

ایشیائی ممالک میں عدم استحکام کی کوششیں جاری ہیں‘ سیاسی جماعتیں جمہوری روایات کی حفاظت کریں : رضا ربانی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مغرب کی جانب سے ایشیائی ممالک میں عدم استحکام لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسئلہ فلسطین پر مغرب کا دوہرا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے آئی کیپ کی انسانی سمگلنگ سے متعلق ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ مرکز ثقل مغرب سے منتقل ہوکر ایشیا کی طرف واپس آ رہا ہے، اس حوالے سے مغرب میں پریشانی ہے کہ کسی طرح اس منتقلی کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک میں عدم استحکام لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ ایشیائی ممالک میں سیاسی حکومتوں میں عدم استحکام لایا جائے۔ یہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ جمہوری روایت کی حفاظت کریں۔ مغرب ایشیا کے قدرتی معاشی وسائل کا استحصال کرتا ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ یہودی تسلط کے خلاف جدوجہد پر فلسطینی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پیرس حملے پر دکھ ہوا لیکن فلسطین میں عورتوں اور بچوں پر ظلم کے خلاف آنکھیں بند رکھنا مغرب کا دوہرا معیار بے نقاب کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اہم قانون سازی کے ذریعے بچوں کی سمگلنگ اور فحش تصاویر کو جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ذوالفقار بھٹو کے دور میں سیاسی حکومتوں کو ہٹا کر کٹھ پتلی حکومتیں بنائی گئی تھیں۔
رضا ربانی

ای پیپر-دی نیشن