سبی: ریلوے ٹریک اڑانے کا منصوبہ، 12 کلو کا بم برآمد
کوئٹہ + سبی (بیورو رپورٹ + آئی این پی) سبی میں فرنٹیر کور بلوچستان نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ریلوے ٹریک پر نصب 12کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ریلوے ٹریک کو کلیئرکرنے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت کو بحال کر دیا گیا۔ پولیس نے تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ ریلوے لائن پر بم کی اطلاع ملتے ہی کوئٹہ سے آنے والی مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کو مچھ جبکہ لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر خان ایکسپریس کو سبی سٹیشن پر روک دیا گیا۔ دوسری طرف پشاور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ 2 ملزم گرفتار کر لئے۔ ان کی گاڑی سے 6 پستول، 8ہزار کارتوس برآمد ہوئے۔ علاوہ ازیں اٹک پولیس نے ڈھوک کسان میں آپریشن کر کے لیاری گینگ وار کے 5 مطلوب ملزموں کو گرفتارکر کے ان کے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور مسروقہ سامان بر آمد کر لیا۔ گرفتار ملزموں کی شناخت نور زمان، صفدر حسین، حمید خان، عنصر حسین اور غلام حسین کے ناموں سے ہوئی۔ آر پی او فخر سلطان راجہ نے کہا کہ ملزموں کے قبضے سے 22 مختلف قسم کے ہتھیار، ہزاروں گولیاں، 4 گاڑیاں، 6 کمپیوٹر، 38 موبائل فون، 25 تولے سونا، 3 کروڑ روپے کی نقدی اور پرائزبانڈز بھی برآمد کیے گئے۔