• news

انقرہ: کار بم دھماکہ،34 افراد جاں بحق،125 زخمی، آئیوری کوسٹ: ہوٹل پر فائرنگ4 یورپی باشندوں سمیت18 ہلاک

انقرہ /گرینڈ بسام (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے علاقے قزیلے سکوائر پر زوردار کار بم دھماکہ میں 34 افراد ہلاک اور 125 زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خیبر ایجنسی کے مطابق دھماکہ بس سٹاپ پر ہوا جس میں بھی اور کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ترک سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج کے مطابق کار بم دھماکہ کردستان ورکرز پارٹی نے کیا ہے۔دوسری طرف وزیراعظم نوازشریف نے انقرہ میں دہشت گردی واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے دھماکے میں انسانی جانوں کے نقصان پر ترک عوام اور حکومت سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ترک عوام کے ساتھ ہیں۔ ہم دہشت گردی دنیا میں جہاں بھی ہورہی ہے، کیخلاف ہیں۔ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے، سب کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے انقرہ دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ ادھر افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں ایک ساحلی تفریحی مقام اور ہوٹل پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 4 یورپی باشندوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آور جو کہ بڑی تعداد میں اسلحے سے لیس تھے نے ایٹوانل ڈوسڈ ہوٹل میں موجود مہمانوں پر فائرنگ کردی۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار حملے کے مقام کی جانب روانہ کر دئیے گئے ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار معاد جولینن کا کہنا ہے کہ آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ کے ان ممالک میں سے ہے جہاں خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والے شدت پسند تنظیم کے جنگجوئوں کی جانب سے حملے کئے جانے کا خطرہ موجود ہے۔شمالی افریقہ کے القاعدہ گروپ نے ذمہ داری قبول کرلی حکام کا کہنا ہے 6 حملہ آوروں کو غیرمؤثر کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن