• news

بارش، تباہی جاری، چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے سے مزید12 افراد جاں بحق، اورکزئی: کان حادثے میں مرنیوالوں کی تعداد10 ہو گئی

لاہور/ اسلام آباد/ فیصل آباد (خبرنگار+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) ملک کے مختلف شہروں میں بارش سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔ اتوار کے روز چھتیں گرنے، آسمانی بجلی گرنے اور مختلف حادثات میں مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثات میں مزید درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ہنگو میں کوئلے کی کان کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 7 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں‘ تعداد 10 ہو گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے49 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔ شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آگئے، کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہیں بند، ملکہ کوہسار کے پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی پر سیاحوں کا رش لگ گیا، بارشوں سے ڈیموں میں بھی پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی، راول ڈیم کے سپل وے بھی کھول دیئے گئے۔ جڑواں شہروں کے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے، بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بُری طرح متاثر ہوا، خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر 35 سے زائد اندرون و بیرون ممالک کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں، ملک بھر میں سیلاب سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا، محکمہ موسمیات نے (آج) پیر سے بارشوں کا حالیہ سسٹم ختم ہونے کی نوید سنا دی۔ اتوار کے روز گوجر خان میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2 بچے اور ایک عورت شامل تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے گوجرخان میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ مہمند ایجنسی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے، بنوں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بھائی جاں بحق جبکہ بٹ خیلہ کے علاقے سخا کوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مردان کے علاقہ تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ ڈویژن اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ نوشہرہ ورکاں سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں اتوار کے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے گلی کوچے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتے رہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگارکے مطابق بارش سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ گندگی کے باعث مکھی مچھروں کی بہتات ہے اور بارش کے بعد فوری طور پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی او شیخوپورہ سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں حالیہ بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دوسرے واقعہ میں 17 سالہ نوجوان محمد زکریا جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فیصل آباد میں بارش کے باعث آٹھ بازاروں میں پانی جمع ہونے سے دکانداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بصیرپور سے نامہ نگارکے مطابق گیلانی چوک کا رہائشی چار سالہ فیضان گلی میں سے گزرتی ہوئی بارات دیکھ رہا تھا اچانک اسکا ہاتھ ایک شیلر کی کرنٹ زدہ دیوار سے چھو گیا اور بجلی کا زبردست جھٹکا لگنے سے موقع پر ہی اسکی موت واقع ہو گئی۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق غریبوں کے مکانوں کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ سلپ ہونے سے موٹر سائیکل سوار عبدالرحمن زخمی ہو گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے‘ نشیبی علاقے زیرآب، متعدد علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری، سانبہ سیکٹر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 فوجی اہلکار ہلاک، تین جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ کپواڑہ میں برفانی تودے کی زد میں آنے والے 73 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق بارش اورپھسلن کے باعث ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔ چار افرادکی حالت ناز ک بیان کی جاتی ہے۔ بس موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں محمد اسلم سکنہ شکرگڑھ موقع پر جاںبحق ہو گیا۔ پھسلن کے باعث رکشہ الٹنے سے ایک بزرگ حاجی ابراہیم جاں بحق ہو گیا۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے ورثاء کو تین، تین لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ برف باری کی وجہ سے میدانی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب (سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن)، بالائی خیبرپختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن)، گلگت بلتستان اور فاٹا میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن