”بھارت میں زیادہ پیار ملا“ پاکستانی شائقین آفریدی پر برس پڑے
لاہور + اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی + آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی کے پاکستان مخالف بیان اور بھارت کی تعریفوں کے پل باندھنے پر پاکستانی شائقین آفریدی پر برس پڑے اور سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب متنازع بیان دینے پر شاہد آفریدی کو لیگل نوٹس جاری کر دےا گےا ہے۔ شاہد آفریدی کا بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ مجھے ہمیشہ یہاں پیار ملا اور شائقین نے ہمیشہ مجھے یہاں پاکستان کی نسبت زیادہ عزت دی۔ دوسری جانب جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کے چیئرمین محمد اظہر صدیق نے پاکستان کرکٹ بورڈ لاہور کے ایڈریس پر یہ لیگل نوٹس بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھارت جا کر پاکستان کے خلاف بیان دیا ہے۔ وہ اپنے بیانات کی وضاحت کریں اور اس پر معافی مانگیں۔ شاہد آفریدی نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیوں کی محبت سے متعلق میرا بیان منفی طورپر لیا گیا۔ پاکستان ہی میری پہچان ہے۔ صحافی کے سوال پر مثبت جواب دیا کہ بھارت میں بہت محبت ملتی ہے۔ وقار یونس‘ انضمام‘ وسیم اکرم بھی مانیں گے کہ بھارت میں بہت عزت ملتی ہے۔ بھارت میں کرکٹ کو پوجا جاتا ہے۔ میں نے سفارتکاری کے انداز میں بات کی تھی۔ میں نے یہ کہنے کی کوشش کی کرکٹ نے ہمیشہ عوام کو ملایا ہے۔ہمارے تعلقات بھی کرکٹ کی بدولت ہی بہتر ہوئے ہیں۔ اپنے ملک کی جانب سے مثبت بیان دیا ہے۔آفریدی کے متنازعہ بیان کی بازگشت کو قومی اسمبلی میں بھی سنائی دی متحدہ کے اقبال محمد علی نے نکتہ اعتراض پر آفریدی کے بیان کو ہدف تنقید بنایا وہیں تحریک انصاف کے علی محمد خان، پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہ کی جائے جو بھارت میں موجود قومی ٹیم کی مورال میں کمی کا سبب بنے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالہ سے ایک توجہ مبذول کراﺅ نوٹس بھی ایجنڈا پر موجود تھا تاہم ڈپٹی سپیکر نے ایوان کو مطلع کیا کہ بھارت میں ٹی ٹونٹی کپ میں ٹیم کا مورال بلند رکھنے کیلئے محرکین نے اپنا نوٹس واپس لے لیا ہے۔
آفریدی/ تنقید