گلے پر چھری رکھ دو‘ ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ نہیں لگاﺅنگا: اسد اویسی کا آر ایس ایس کو چیلنج
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ڈیسک) بھارتی مسلمانوں کی ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے ہندو انتہاپسند تنظیم کو کھلا چیلنج دیدیا۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حب الوطنی اجاگر کرنے کیلئے نئی نسل کو ”بھارت ماتا کی جے“ جیسے نعرے سکھانے کی ضرورت ہے جس پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ضلع لاتور میں مسلمانوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں لگاتا ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ موہن بھگوت آپ کیا کر لیں گے۔ بھارت کے آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ سب ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے گلے پر چھری رکھ دو پھر بھی ”بھارت ماتا کی جے“ کا نعرہ نہیں لگاﺅنگا۔ انہوں نے کہا کہ میں جعلی مقابلے میں قتل کی گئی بے قصور لڑکی عشرت جہاں کے گھر والوں کی حمایت جاری رکھوں گا، مجھے کسی پر اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی فضول باتیں کرنا آر ایس ایس جیسی تنظیموں کا ایجنڈا ہے جسے وہ ہرگز نہیں مانیں گے۔
اسد اویسی