سپریم کورٹ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست کی سماعت آج کریگی، برقرار رکھنے کی استدعا، ڈاکٹروں کا سابق صدر کو باہر جانے کا مشورہ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ میں مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت (آج) پندرہ مارچ کوہوگی۔ دوسری جانب مشرف کا نام برقرار رکھنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں میڈیکل رپورٹ پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ ادھر مشرف کو ڈاکٹرز نے پھر بیرون ملک علاج کا مشورہ دیا ہے۔ سابق صدر کی طبیعت پھر خراب ہو گئی ڈاکٹرز کو طلب کر لیا گیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کی کمر اور بائیں ٹانگ میں تکلیف ہے۔ میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ مشرف کی خرابی صحت کی وجہ سے پارٹی کی مرکزی کونسل کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔