وارم اپ میچ کی کامیابی سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا : ہارون رشید
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا۔ اگلے میچز میں بھی کھلاڑیوں کو اس ردھم کو برقرار رکھتے ہوئے اچھی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔ نوائے وقت کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن حالات میں پاکستان ٹیم بھارت میں میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے گئی ہے تمام کھلاڑی انڈر پریشر تھے۔ سری لنکا کے خلاف پریکٹس میچ میں کامیابی خوش آئند ہے، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے پریکٹس میچ میں عمدہ کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ محمد حفیظ اپنا یہ ردھم اگلے اہم میچز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی ایشیا کپ کی ٹیم کا انتخاب کپتان اور کوچ کی مشاورت سے کیا گیا تھا۔ خرم منظور کی ڈومیسٹک کی کارکردگی پر انہیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں جگہ دی گئی تھی مگر وہ ناکام رہے ہیں، ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ انہیں کسی کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ وارم اپ میچ میں کامیابی سے کپتان شاہد آفریدی کا اعتماد بھی بحال ہوا ہوگا امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں بیٹنگ اور باولنگ میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور بھارت کی وکٹوں میں بہت زیادہ فرق ہے لہٰذا قومی ٹیم سے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔