سابق آئی جی کیخلاف انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کیخلاف کی گئی انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 17 مارچ کو کیس سے متعلق مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی پروموشن روکنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے مصطفی رمدے ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ جن الزامات کے تحت درخواست گزار کی پروموشن روکی گئی تھی وہ تمام الزامات انکوائری میں غلط ثابت ہوئے ہیں۔ انکوائری رپورٹ میں آفتاب چیمہ کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دیئے جانے کے باوجود پروموشن رو کی گئی جو قانونی طور پر درست نہیں۔