پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال کے سابق وزراء اعظم پر مشتمل فورم بنایا جائے: شجاعت
لاہور/اسلام آباد (این این آئی) (ق) لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ایشیاء پولٹیکل پارٹی کے مندوبین کے اعزاز میں اپنی رہائشگاہ پر ناشتہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر نیپال کے دو سابق وزراء اعظم مادھو کمار ، جھلاناتھ کھنال ، سینیٹر مشاہد حسین، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ممبر پارلیمنٹ وجے جولی اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما محبوب عالم بھی موجود تھے۔ شجاعت حسین نے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے سابق وزراء اعظم پر مشتمل ایک فورم بنایا جائے تاکہ انسانی حقوق اور انکے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر نیپال کے سابق وزیراعظم مادھو کمار کو فورم کا رابطہ کار منتخب کیا گیا جو دیگر ممالک کے ارکان سے رابطہ کریں گے۔ اس فورم میں پاکستان کے پانچ سابق وزراء اعظم چودھری شجاعت حسین، شوکت عزیز، میر ظفراللہ جمالی، راجہ پرویزاشرف اور سید یوسف رضا گیلانی شامل ہوں گے۔ محبوب عالم نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء جبکہ وجے جولی نے بھارتی سابق وزراء اعظم اٹل بہاری واجپائی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام پیش کئے۔ شجاعت حسین نے فورم کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی جو تمام رہنمائوں کی باہمی رضا مندی سے اسی سال اسلام آباد میں منعقد ہو گا اور اس اجلاس میں فورم کا نام اور مقصد طے کیا جائیگا۔