• news

سوئی، تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، پشاور، کوئٹہ میں 74 مشتبہ افراد گرفتار

کوئٹہ+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) ایف سی اور حساس ادارے نے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دی جبکہ پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ہشت نگری کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، 3 افغان باشندے بھی شامل ہیں جبکہ کوئٹہ میں بھی کارروائی کے دوران 24 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن ہشت نگری کے علاقہ میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 3 افغان باشندوں سمیت50 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد سے 2 پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے۔ آپریشن کے دوران لیڈیز پولیس کی مدد سے ایک سو سے زیادہ گھروں کو چیک کیا گیا۔ ادھر پولیس اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے سمنگلی روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ مشتبہ افراد سے ممنوعہ لٹریچر، پاسپورٹ اور مہاجر کارڈز برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ایف سی اور حساس ادارے نے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پیر کو ایف سی اور حساس ادارے نے سوئی میں مشوانی گوٹھ کے قریب تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا تے ہوئے سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ پانچ کلو بارودی مواد برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن