کشمیر، پٹھانکوٹ ہو یا ممبئی حملے متنازعہ امور پر مذاکرات کئے جائیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد اور منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں اور مقامی تنظیم کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کرکٹ ٹیمیں تو ایک دوسرے کے ملک میں آ جا نہیں سکتیں پاک بھارت وزراء اعظم کے ذاتی تعلقات کا کیا فائدہ؟ دونوں وزرائے اعظم ذاتی تعلقات کی بجائے عوام میں دوستی پیدا کریں۔ کشمیر، پٹھان کوٹ ہو یا ممبئی حملے کھلے دل کے ساتھ تمام متنازعہ امور پر مذاکرات کئے جائیں، پاکستان کی طرح بھارت کے اندر بھی انتہا پسند گروہ ہیں، غیر ضروری محاذوں پر توانائیاں صرف ہونگی تو انتہا پسند گروہوں کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کا موقع ملے گا۔ ایک دوسرے کے قومی وقار، روایات، آزادی کا احترام کیا جائے۔ ایک دوسرے کے علمی، تحقیقی اور سائنسی تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے جدوجہد بھی مشترکہ طور پر کرنا ہو گی۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اور امن کے فروغ کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ سرحدوں پر کشیدگی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔