جھوٹے بیان حلفی پر علیم خان کے خلاف کارروائی کی جائے: ایاز صادق نے ریفرنس دائر کر دیا، قانونی جواب دینگے: رہنما تحریک انصاف
اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے علیم خان کے خلاف الیکشن کمشن میں ریفرنس دائر کر دیا۔ ایاز صادق نے درخواست کی ہے کہ جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے پر علیم خان کیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔ 51 صفحات پر مشتمل ریفرنس میں ایاز صادق نے موقف اختیار کیا کہ علیم خان نے ان کے خلاف الیکشن کمشن میں این اے 122 سے ووٹوں کی منتقلی کا جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔ تحریک انصاف کے ووٹر عدنان سلیم کا ووٹ مئی 2013 کی ووٹر لسٹ میں درج ہی نہیں تھا تو دوسرے حلقے میں منتقل کیسے ہوا۔ اس سے پہلے الیکشن کمشن نے علیم خان کے بیان حلفی کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کے اعتراضات مسترد کر دئیے تھے۔ الیکشن کمشن کا کہنا تھا جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر علیم خان کیخلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جھوٹی شہادتیں جمع کراکے علیم خان توہین عدالت، دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے۔ علیم خان کے خلاف آئین اور قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور این اے 122 سے پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان نے اپنے خلاف ریفرنس دائر ہونے پر کہا ہے کہ ایاز صادق جس قدر مرضی الیکشن کمشن کو اپنے ساتھ ملا لیں ہم ایسے ہتھکنڈوں اور ریفرنس سے ڈرنے والے نہیں، ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کرینگے۔ آج یا کل دوبارہ الیکشن ہونگے اور دھاندلی زدہ نواز لیگ کا پیچھا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کا ریفرنس جھوٹ پر مبنی ہے، الیکشن کمشن این اے 122 میں 26 ہزار ووٹوں کا اندراج اور ساڑھے 4 ہزار ووٹ جو ڈیلیٹ ہوئے اس کا آج تک کوئی ثبوت نہیں دے سکا۔ الیکشن کمشن کو چاہئے کہ وہ کھلی کچہری لگا کر ان 2 ہزار لوگوں سے تصدیق کر لیں جن کے بیان حلفی ہم نے جمع کرائے تھے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اپنی لیگل ٹیم سے مشورہ کر کے اس ریفرنس کا قانونی جواب بھی دینگے۔