• news

کسی کو دیوار سے لگانے کے نتائج اچھے نہیں نکلتے مشرقی پاکستان کی مثال سامنے ہے، فاروق ستار

کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم شہر قائد میں صفائی مہم میں مصروف ہیں اور کوئی ہماری پارٹی کی صفائی کر رہا ہے۔ کراچی میں صفائی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کوئی ہماری پارٹی کی صفائی کر رہا ہے۔ تاہم مجھ سے متعلق کسی شک و شبے میں نہ پڑیں کہ میں کہیں جا رہا ہوں، اگر دوسری سیاسی جماعتیں کہتی ہیں کہ کچرے کی سیاست ہورہی ہے تو میں انہیں بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی شہر کی صفائی میں حصہ لیں۔ اگر کچھ لوگ ایم کیو ایم سے ادھر ادھر جارہے ہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا، عامر خان بھی 17 سال بعد واپس آئے تھے، ووٹرز کی حمایت سے مخالفین کو شکست دے کر ہر قسم کے چیلنجز اور مخالفت کا سامنا کریں گے۔ کسی طبقے کو دیوار سے لگانے کے نتائج اچھے نہیں نکلتے، مشرقی پاکستان میں لوگوں کو دیوار سے لگانے کا کیا نتیجہ نکلا، ایم کیو ایم کے خلاف جناح پور سے بڑا کوئی الزام نہیں ہو سکتا۔ عوام کی طاقت اور حمایت سے تمام سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔ فاروق ستار نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی ہمیں غصہ نہ دلایا جائے، غصے میں آئے تو سارا کچرا سی ایم ہاؤس کے باہر جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن