• news

وزیراعلیٰ سندھ سے کور کمانڈر کی ملاقات انسداد دہشت گردی عدالتیں بڑھانے کا فیصلہ

کراچی(آن لائن)سندھ کی سیاسی وعسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ صو بہ میں قیام امن کیلئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں بڑھائی جا ئیں گی۔ سنگین نوعیت کے کیس فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے اور امن امان کی بحالی کیلئے پولیس اور رینجرز کی کا رروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ یہ اتفاق منگل کے روز وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور کورکمانڈر سندھ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ وزیراعلی ہائوس کے ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پورے صو بہ میں امن امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہا ر کیا گیا۔ ملاقات میں حالیہ دنوں میں رینجرز کی چوکیوں پر دستی بم حملوں کی مذمت کر تے ہوئے تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے رینجرز اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ ملاقات میں صوبہ بھر میں سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن