آرمی چیف نے13 دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی، تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، نانگا پربت فوج، سکولوں، شہریوں پر حملو میں ملوث ہیں
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے مزید 13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان دہشت گردوں پر نانگا پربت میں غیرملکی سیاحوں کے قتل، سیدو شریف ائیرپورٹ پر حملے، قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں اور عام شہریوں کو قتل کرنے کے الزامات ثابت ہوئے جس پر انہیں فوجی عدالتوں سے موت کی سزا سنائی گئی۔ بیان کے مطابق عرفان اللہ ولد خدایار پر نانگا پربت میں دس غیرملکی سیاحوں کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا۔ملزم نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔ مشتاق احمد ولد محمد معراج سیدو شریف ائیرپورٹ پر حملے میں ملوث ہے اور اس پر محکمہ موسمیات کے ملازمین کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے، مجرم کو چھ مختلف الزامات کے تحت سزائے موت سنائی گئی۔ اس کے علاوہ محمد نواز ولد گل محمد مسلح افواج پر حملے، تاج گل ولد سلطان زریں، اصغر خان ولد عزیز الرحمٰن، احمد علی ولد بخت کرم اور ہارون الرشید ولد میاں سعد عثمان، بخت امیر ولد امیر زریں اور عزیز خان ولد اشبر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ فضل غفار ولد شہزادہ، اصغر خان ولد احمد جان اور اکرام اللہ ولد حبیب اللہ کو بھی مسلح افواج کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث ہونے کے باعث سزائے موت سنائی گئی۔ حیدر کوئٹہ میں عام شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔