دہشت گردوں کو امن دشمن ایجنڈا پر عمل کی چھوٹ نہیں دے سکتے: نوازشریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر روڈولفو جے مارٹن ساراویا نے وزیراعظم نواز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سبکدوش ہونے والے سفیر کی پاک ارجنٹائن تعلقات کو بڑھانے کیلئے کوششوں کی تعریف کی۔ سفیر 12 سال پاکستان میں تعینات رہے۔ روڈولفو جے مارٹن نے وزیراعظم کے دہشت گردوں کی بیخ کنی کیلئے جرأتمندانہ فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ آپریشن ضرب عضب اچھا فیصلہ ہے اور دہشت گردوں کے خاتمہ کے سلسلے میں بے حد کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے ملک کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ انکی وجہ سے ملک درست سمت میں گیا ہے۔ ملک کا گزشتہ تین سال میں تاثر بدلا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تمام چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے اور حکومت ملک کو اسکا ترقی یافتہ ممالک کی صف میں جائز مقام دلانے کیلئے کوشاں ہے۔ کوئی ملک معاشی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور اس طرح کا استحکام حاصل نہیں ہوسکتا۔ اگر دہشت گردوں کو امن دشمن اور پاکستان دشمن ایجنڈا پر عمل کرنے کی چھوٹ دیدی جائے۔ سفیر نے خواتین اور اقلیتوں کے بارے میں وزیراعظم کے ترقی پسندانہ موقف کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو خواتین کی نصف آبادی نظرانداز کر کے پاکستان کے معماروں کے ملک کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے وژن کو حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ اقلیتیں خواہ انکا تعلق کسی بھی مذہب یا عقیدے سے ہو ملک کے اندر مساویانہ شہری ہیں۔