• news

سپورٹس بورڈ کی سست روی، پاکستان باکسنگ ٹیم کی اولمپکس میں شرکت سوالیہ نشان بن گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کی سست روی کے باعث پاکستان باکسنگ ٹیم کی ایشین کوالیفائنگ راونڈ برائے رویو المپکس 2016ء میں شرکت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ پاکستان باکسنگ ٹیم کی چین روانگی کے لیے سات روز باقی رہ گئے ہیں تاحال فنڈز جاری نہیں ہوسکے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے ایشین کوالیفائنگ راونڈ برائے رویو اولمپکس کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جن میں محب اﷲ 49 کلو گرام میں، سید آصف 52 کے جی، نعمت اﷲ 56 کے جی، علی احمد 60 کے جی، گل زیب 64 کے جی، عامر خان 69 کے جی، تنویر احمد 75 کے جی، اویس علی 81، ثنا اﷲ 91 کے جی جبکہ میرواعظ 91+ کے جی میں شامل ہیں۔ علی بخش، چوہدری طارق اور زاہد علی بلوچ پاکستان ٹیم کے کوچز ہونگے۔ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ سے میٹنگ ہوئی ہے جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مطلوبہ فنڈز جاری ہو جائیں گے۔ اس سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن