دہشت گردوں کو صرف نقصان پہنچایا، جنگ نہیں جیتی، کامیابی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا: عمران
ایبٹ آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ اب دہشتگرد آسان ٹارگٹ ڈھونڈتے ہیں۔ مل کر بقاء کی جنگ لڑنا ہو گی۔ ٹورزم پالیسی سے متعلق چھانگلہ گلی میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں چھوٹے چھوٹے ٹینٹ ولیجز قائم کریں گے۔ مقامی لوگ درخت اگا کر ان کی حفاظت کر رہے ہیں۔ امید ہے کاغذوں سے نکل کر زمین پر بھی درخت لگائیں گے۔ خوشی ہوئی کہ نواز شریف نے درخت لگانے میں ہماری نقل کی۔ راستے میں چھوٹے چھوٹے ٹورسٹ ریزورٹ قائم کریں گے۔ حکومت کا کام سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ سیاحت کیلئے خیبر پی کے سے زیادہ کسی کے پاس ورائٹی نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کامیاب بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، قبائلی علاقوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے سب کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ ہم نے دہشت گردوں کو نقصان پہنچایا، مگر دہشت گردی کیخلاف جنگ نہیں جیتی، قوم کا مستقبل محفوظ بنانا ہے تو سب کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ پشاور میں دہشتگردی کے واقعات میں پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ایک بم دھماکے پر وزیراعلی مستعفی ہو جائے تو 2 مہینے بعد کوئی وزیراعلی ہی نہیں ملے گا۔ پہلے کے مقابلے میں دہشتگردی کے واقعات کم ہوئے ہیں، لیکن اب سافٹ ٹارگٹ ہیں، ایک سوال پر عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ابھی نہیں بھارت جا کر ہدایات دوں گا۔ آئی ڈی پیز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ان کی واپسی سے قبل ملک کی تمام پارٹیز کو مل کر ان کیلئے پالیسی بنانی چاہیے یا پھر کوئی قانون ہونا چائیے تاکہ فاٹا کے یہ علاقہ ایک بار پھر دہشت گردی کی بھینٹ نہ چڑجائے ، اگر فاٹا خیبرپی کے میں شامل ہو جاتا ہے تو فاٹا میں معدنیات اور دیگر سیاحتی مقامات موجود ہیں جس کو سیاحت کیلئے آباد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عمران سے چین کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔ ریٹائر فوجی افسروں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر عمران خان نے کہا ہے کہ پونچھ اور سدھنوتی سے ریٹائرڈ فوجی افسران کی کشمیر پی ٹی آئی میں شمولیت ایک نیا تجربہ ہے بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان سے استعفادہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔ اگر کسی نے سیٹ ایڈجسمنٹ کی بات کرنی ہے تو وہ کشمیر پی ٹی آئی کے صدر و پارلیمانی بورڈ کے چئیرمین بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے اس سلسلے میں بات کریگا۔ ہم کسی صورت آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔